بداخلاقی کے مجرموں کو سزائے موت دینا خوش آئند ہے،اعجاز چودھری

    بداخلاقی کے مجرموں کو سزائے موت دینا خوش آئند ہے،اعجاز چودھری

  



لاہور(پ ر)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ بچوں کے ساتھ بد اخلاقی، قتل کے واقعات کی روک تھام کے لئے پارلیمنٹ سے مجرموں کو سزائے موت کی قرار داد کی منظور ی کی حمایت کرتے ہیں۔ قرارد اد کی منظور ی خوش آئندعمل ہے۔ سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت لائحہ عمل اختیار کریں تبھی معاشرے سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ معاشرے کو درست سمت پر لانے کے لئے ابھی سے سخت اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔ پی ٹی آئی کی حکومت مستقبل میں بچوں کو محفوظ وطن دینے کو یقینی بنائے گی۔ والدین اپنے بچوں پر خصوصی توجہ دیں۔ زینب الرٹ بل ہونا پی ٹی آئی حکومت کا اچھا اقدام ہے۔

گذشتہ رو ز پارٹی سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے پارٹی عہدیداران اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ اعجازاحمدچوہدری کا کہنا تھا کہ پچھلی کئی دہائیوں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کرپٹ مافیا ملک پرمسلط ہو کر عوام کا خون چوستا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان 23 سالوں سے اس کرپٹ مافیا کے خلاف جدوجہد اور ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔کرپٹ مافیا کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا تھا۔ معیشت بدحالی کا شکارتھی۔ عمران خان نے حکومت سنبھالتے ہی ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے۔ملکی اداروں کو مضبوط اور فعال بنانا پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملاقات کرنے والوں رانا آفتاب، ڈاکٹر سجاد داریوال، عمران ادریس، جاوید نیازمنج، میجر (ر)شوکت، حماد اعوان، عثمان حمزہ، ضمیر ڈیال، شہباز جندرا، اویس مشتاق، شاہد جٹ، میاں شہبازشامل تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1