بچوں سے درندگی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں،اشرف جلالی

  بچوں سے درندگی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں،اشرف جلالی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  لاہور (پ ر) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ
کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے قومی اسمبلی سے بچوں سے بد اخلاقی کے بعد قتل پر سر عام پھانسی کی قراردادمنظور ہو نے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ بچوں سے درندگی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ ایسے مجرموں کو سرعام پھانسی کی سزا شریعت اسلامی کے عین مطابق ہے۔ یہ قرارداد انسانی گلشن کی نرم و نازک کلیاں مسلنے والے بدمست ہاتھیوں کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ قرارداد کی مخالفت کرنے والے ارکانِ اسمبلی نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایسے لوگ پارلیمنٹ کے چہرے پر بد نما داغ ہیں۔ اسلامی سزاؤں کو بربریت کہنے والے شریعت سے بغاوت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اتنے حساس مسئلے پر صرف قرارداد ہی کافی نہیں، عملی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ بچوں کے ساتھ جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے بھی سخت قانون سازی کی ضرورت ہے۔ روزانہ کھیتوں،گندے نالوں اور کوڑے کے ڈھیروں سے ملنے والی بچوں کی مسخ شدہ لاشیں معاشرے کے علماء، سوسائٹی کے افراد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

اس سلسلہ میں تھانہ کلچر کی اصلاح از حد ضروری ہے۔ اکثر علاقوں میں تھانے ہی جرائم کے اڈے بنے ہوتے ہیں۔یہ حقیقت ہم سب کو سامنے رکھنی چاہیے کہ برسرعام پھانسی کی سزا لگی آگ کو بجھانے کے لیے پانی ڈالنے کے مترادف ہے جس کا یقیناً معاشرے کو فائدہ ہے۔ مگر ہمیں ان اسباب پر بھی غور کرنا چاہیے جن اسباب سے یہ آگ لگتی ہے اور پھر جو کام جلتی پر تیل کا کام کرتے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں عریانی، فحاشی، میوزک شوز، مارننگ شوز، سکولوں، کالجوں یونیورسٹیوں میں مخلوط تعلیم، مخلوط پروگرام، فلمیں اور ڈرامے یہ سب انسانی شہوت کو آگ کی طرح بھڑکانے اور مشتعل کرنے والے کام ہیں