افغان اہلکارنے امریکی فوجیوں پر گولیاں برسادیں،ہلاکتیں
کابل(ڈیلی پاکستان آن لائن)افغانستان میں ایک مقامی فوجی اہلکار نے امریکی فوجیوں پر مشین گن سے فائرنگ کردی، گولیوں کی بوچھاڑ سے دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق واقعہ افغان صوبہ ننگر ہار میں پیش آیا جہاں ایک افغان فوجی وردی میں ملبوس اہلکار نے امریکی فوجی اڈے پر فائرنگ کرکے دو فوجیوں کو ہلاک جبکہ چھ کو زخمی کردیا۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی و افغان فوجی ایک مشترکہ مشن پر کام کررہے تھے۔
امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے اور اس سے جڑے ہر پہلو کو سامنے لانے کیلئے تحقیقات کررہے ہیں۔امریکی بیان سے پہلے افغانستان کے ایک سینئر افسر نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ امریکی اور افغان فوجیوں میں جھگڑا ہوا ہے جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ افغان فوجیوں کی جانب سے امریکی فوجیوں پر حملہ کوئی پہلی بات نہیں ہے،اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔ حکام ان حملوں کو اندرونی حملہ یا گرین آن بلو جیسے ناموں سے پکارتے ہیں۔
ننگر ہار کے کئی حصوں پر شدت پسند تنظیم داعش قابض ہے اور یہاں سے ہی افغانستان خصوصا کابل میں موجود غیر ملکی فوجیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔