’وعدوں سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے‘

’وعدوں سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے‘
’وعدوں سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے‘

  



سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام نے جسے پیسے نکالنے کیلئے ووٹ دیئے گئے وہ اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہا ہے، عمران خان نے جووعدے کئے اس سے وہ ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ ناجائز اثاثے بنانے والوں کو جواب دینا پڑے گا۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ماضی میں ملکی خزانوں کا بے دردی سے لوٹاگیا۔مفاہمت اور این آر او کی سیاست کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔طاقتوروں نے قانون کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا۔کرپٹ افراد اپنی بقا کی خاطرگٹھ جوڑ کئے ہوئے ہیں۔ انہیں ڈر ہے کہ عمران خان کامیاب ہوگئے تو ان کی دکانیں بند ہوجائیں گی۔عمران اسی گروہ سے لڑ رہے ہیں۔ ستر سال کے گلے سڑے نظام کو ٹھیک کرنے میں چیلنجز درپیش ہیں۔اس گٹھ جوڑ کے خلاف جدوجہد آخری مراحل میں ہے۔

عمران خان کا عوام کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے۔پہلی بارعمران حکومت میں پولیس، عدالتی نظام اور دیگر گورننس کو مضبوط کرنے والے اداروں میں اصلاحات کی جارہی ہیں۔

آٹے اور چینی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی۔ جس پر حکومت نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ وہ چھاپے مار کر ذخیرہ اندوزی کیخلاف کارروائی کریں۔پراپرٹی اور رئیل سٹیٹ میں ساراکالا دھن گردش کرتا رہا ہے اس پر بھی کارروائی کررہے ہیں۔

مزید : اہم خبریں /قومی