وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 11 فروری کو طلب کر لیا ،کون سے نہایت اہم ترین معاملات ایجنڈے میں شامل ؟ پتا چل گیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے 11 فروری کو وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیاہے جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق 11 فروری کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا ، پاکستان کے راستے نیٹو سپلائی کے ایم او یو میں توسیع اور پاکستان امریکہ کارگو ٹرانزٹ کے ایم او یو میں توسیع ایجنڈے میں شامل ہے ۔ایم او یو کے تحت امریکی کارگو پاکستان کے راستے افغانستان جا اور آ سکیں گے ، وزارت دفاع سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کرے گی ۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ چھٹی مردم شماری کے حتمی نتائج جاری کرنے کی بھی منظوری دے گی جبکہ اجلاس میں پاکستان میں افغان مہاجرین کے معاملے پر عالمی کانفرنس کے انعقاد پر بریفنگ دی جائے گی ، افغان مہاجرین پر عالمی کانفرنس میں 17 اور 18 فروری کو اسلام آباد میں ہو گی۔ اس کے علاوہ بھارت سے مورتیوں کی درآمد کی اجازت سے متعلق سمری ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے ، ایکسپورٹ اور امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ترمیم کی سمری بھی پیش کی جائے گی ۔ وفاقی کابینہ کو اجلاس میں سرمایہ کاری کے معاملے پر بھی بریفنگ دی جائے گی ۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت 11 فروری کو ہونے والے اجلاس میں ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی بھی ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے ، کابینہ ای سی سی کے 20 جنوری اور 4 فروری کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی ۔ اس کے علاوہ کابینہ چار فروری کو کابینہ نجکاری کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کرے گی ۔