انڈر 19ورلڈ کپ فائنل ،بنگلہ دیش نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا
پوٹ شیف روم (ڈیلی پاکستان آن لائن )آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بنگلادیش نے دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دیکر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا ،بھارت کی ٹیم 177رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جواب میں بنگلہ دیش نے مقررہ ہدف 43اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
جنوبی افریقا کے شہر پوٹ شیف سٹروم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔دفاعی چمپئن بھارت کی ٹیم بنگلادیشی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکی اور پہلے کھیلتے ہوئے 48 ویں اوور میں 177 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔بھارتی کی جانب سے جیسوال 88 اور تلک ورما 38 رنز بناکر نمایاں رہے، بنگلادیش کے ایویشیک داس نے 3، تنظیم حسن اور شریف السلام نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔178 رنز کے تعاقب میں بنگلادیشی بلے بازوں نے اننگز کا آغاز محتاط انداز سے کیا اور پہلی وکٹ پر 50 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وقفے وقفے سے بنگلادیش کی وکٹیں گرتی رہیں۔بنگلادیشی بلے باز پرویز حسین اور کپتان اکبر علی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔بنگال ٹائیگرز کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد ڈک اینڈ لوئس سسٹم کے تحت بنگلا الیون کو ڈک ورتھ اینڈ لوئیس سسٹم کے تحت جیت کے لیے 4 اوور میں ایک رنز درکار تھا جو کہ 43 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔یوں بنگلا دیش نے دفاعی چمپئن بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کی اور پہلی بار انڈر 19 ورلڈکپ کا چمپئن بن گیا۔ بنگلادیش کی جانب سے پرویز حسین 47 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ کپتان اکبر علی 43 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔بھارت کی جانب سے روی بھشنوئی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بنگلادیشی کپتان اکبر علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔