بھائی نے غیرت کے نام پر سگی بہن اور اپنے قریبی دوست کی زندگی تمام کر دی
قائدآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھائی نے فائرنگ کر کے غیرت کے نام پر سگی بہن اور اپنے قریبی دوست کی زندگی تمام کر دی،گریلو ملازمہ شدید زخمی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے آلہ قتل برآمد کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل قائدآباد کے نواحی موضع اوکھلی موہلہ کے رہائشی محمد آصف کے بیٹے محمد عمیر اور محمد سلیم انتہائی قریبی دوست تھے اور اکثر و بیشتر ایک دوسرے کے گھر میں آنا جانا بھی تھا ،گذشتہ شب سلیم اپنے دوست عمیر کے گھر گیا اور رات کو وہیں پر سو گیا،عمیر کوشبہ تھا کہ سلیم کے اُس کی ہمشیرہ مسمات( ش ) کے ساتھ ناجائز مراسم ہیں، رات کے وقت عمیر کی اچانک آنکھ کھل گئی تو اس کی بہن کو باہر صحن میں سلیم کے ساتھ دیکھ کر مشتعل ہو گیا اور بہن پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید مضروب ہوگئی، سلیم مسمات (ش)کو بچانے کے لئے آگے بڑھا تو عمیر نے سلیم پر اندھا دھند فائرنگ کر کے اُسے موت کے گھاٹ اتار دیا،فائرنگ کی زد میں آتے ہوئے گریلو ملامہ مسمات(ن)بھی زخمی ہو گئی،دونوں شدید زخمی خواتین کو تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال قائدآباد لایا جارہا تھا کہ مسمات (ش) راستہ ہی میں جاں بحق ہو گئی، ملازمہ کو ٹی ایچ کیو میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم کومقتول سلیم کے ساتھ اپنی ہمشیرہ کے ناجائزتعلقات کارنج تھا،مقتولین کے پوسٹمارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں،پولیس نے بعد میں ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا،پولیس تھانہ قائدآباد نے ملزم عمیر کے خلاف مقدمہ درج کرکے مصروف تفتیش ہے ۔