حکومت نے چوہدری برادران سے مذاکرات کے لیے اہم رہنما کو کمیٹی میں شامل کرلیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی حکومت نے وزیر دفاع پرویز خٹک کو مسلم لیگ ق سے مذاکرات کرنے کے لیے کمیٹی میں شامل کرلیا۔اس سے قبل ق لیگ سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی میں گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و تربیت شفقت محمود شامل تھے۔ ق لیگ نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد اب ایک بار پھر پرویز خٹک کو مذاکرات میں شامل کیے جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ حکومتی کمیٹی اور مسلم لیگ (ق) کے وفد کے درمیان پیر کو ملاقات چوہدری برادران کی رہائش گاہ پر ہوگی۔ لاہور میں ہونے والی ملاقات میں اتحاد کے امور پر بات چیت کی جائےگی۔