آئی جی پولیس کے معاملے پر وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے،امید ہے ہماری خواہش پر سنجیدگی سے غور کریگی:وزیراعلیٰ سندھ

آئی جی پولیس کے معاملے پر وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے،امید ہے ہماری خواہش پر ...
آئی جی پولیس کے معاملے پر وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے،امید ہے ہماری خواہش پر سنجیدگی سے غور کریگی:وزیراعلیٰ سندھ

  



حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی جی پولیس سندھ کے معاملے پر وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے، امید ہے کہ وفاقی حکومت ہماری خواہش پر سنجیدگی سے غور کرے گی، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کراچی میں ریلوے ٹریک کلیئر کرایا جائے گا، لوگوں کو ایک دم سے بے گھر نہیں کر سکتے عوام کو متبادل جگہ دے کر تجاوزات ختم کریں گے۔

حیدرآباد میں لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 کی اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو  کر تے ہوئےوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے امید ہے کہ وفاقی حکومت ہماری خواہش پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عدلیہ کے احکامات کا احترام کرتی ہے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے،سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کراچی میں ریلوے ٹریک کلیئر کرایا جائے گا، لوگوں کو ایک دم سے بے گھر نہیں کر سکتے عوام کو متبادل جگہ دے کر تجاوزات ختم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ

لائیوسٹاک ایکسپو میں پورے ملک سے مویشی لائے گئے ہیں جس کا سہرا بلا شبہ شعبہ لائیو اسٹاک سندھ کو جاتا ہے،ایکسپو کا جتنا بجٹ ہے وہ پبلک ڈاکیومنٹ ہے جو اسمبلی میں پیش ہوگا،لائیو اسٹاک کی نمائش کا انعقاد ہر سال کیا جائے گا جبکہ اس قسم کی نمائشوں کیلئے سالانہ بجٹ میں رقم بھی مختص کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ دیگر شعبوں کے مقابلے میں شعبہ زراعت اور لائیو سٹاک کو فروغ دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کوششیں کر رہی ہے کیونکہ پورے ملک کی آبادی کا 60فیصد انحصار ان دو شعبوں پر ہے، اس نمائش کا انعقاد ایک بڑا چیلنج تھا جو صوبائی وزیر عبد الباری پتافی نے پورا کر کے دکھایا، سندھ کے عوام کی بہتری اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو کے مختلف اسٹالز دیکھنے سے معلوم ہوا کہ ہمارے ملک میں نایاب نسل کے مویشی موجود ہیں جن کی جدید خطوط پر افزائش نسل سے ہم دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف سندھ بلکہ ملک کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں جس سے خوشحالی آئے گی۔

مزید : علاقائی /سندھ /حیدرآباد