ڈاکٹر شہباز گل کو وفاقی حکومت نے اہم ذمہ داری سونپ دی

ڈاکٹر شہباز گل کو وفاقی حکومت نے اہم ذمہ داری سونپ دی
ڈاکٹر شہباز گل کو وفاقی حکومت نے اہم ذمہ داری سونپ دی

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کو وفاق میں  اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ، وفاقی وزرا ء اور وزرائے مملکت  کےپبلک ریلیشن آفیسرز(پی آر او) کے ساتھ  میٹنگز کی سربراہی کریں گے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل جو کچھ عرصہ قبل وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے بطور ترجمان خدمات سر انجام دے چکے ہیں،اِنہیں وفاقی حکومت کی جانب سے اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔شہباز گل وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کے پبلک ریلیشن آفیسرز(پی آر او)کے ساتھ 11 فروری کو وزیر اعظم ہاؤس کے کمیٹی  روم میں شام پانچ بجے ہونے والے اہم اجلاس کی  صدارت کریں گے۔

ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلکیشن کی جانب سےجاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام پی آر اوز اپنے متعلقہ محکمے کے اگلے تین ماہ تک کے ایونٹس کی تفصیلات ساتھ لائیں.ڈاکٹر شہباز گل کی منظوری کے بعد تمام پی آر اوز کی میٹنگ کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا.

تاہم حیران  کن بات یہ ہے کہ  حکومت کی  جانب  سے ڈاکٹر شہباز گل کو کیا ذمہ داری یا عہدہ تفویض کیا گیا ہے اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل کس حیثیت سے وفاقی وزراء کے  پبلک ریلیشن آفیسرز کے  ساتھ اجلاس کی صدارت کریں گے ؟۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد