میلان اور ایتھنز میں ہزاروں افراد کی کشمیریوں کے حق میں ریلی، ہندوستانی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ

میلان اور ایتھنز میں ہزاروں افراد کی کشمیریوں کے حق میں ریلی، ہندوستانی ...
میلان اور ایتھنز میں ہزاروں افراد کی کشمیریوں کے حق میں ریلی، ہندوستانی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ

  



میلان(آئی این پی)میلان میں ہزاروں پاکستانی اور کشمیری شہریوں نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں بھارت کیخلاف زبردست نعرہ بازی کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا مقابلہ کرنیوالے کشمیری عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بینرز اٹھار رکھے تھے جن پر کشمیر جل رہا ہے، بھارتیوں کشمیر سے نکل جاؤ، کشمیر کے عوام کا قتل عام بند کرو اور کشمیر ہوکر رہے گا آزاد کے نعرے درج تھے۔

پاکستانی قونصل جنرل ڈاکٹر منظور چوہدری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو کثیر تعداد میں مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں افراد پر مشتمل یہ کشمیر ریلی میلان کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے اصل مکروہ چہرے کو بے نقاب اور بھارتی حکمرانوں کی فاشسٹ ذہنیت کو پرامن طریقے سے دنیا کے ہر گوشے میں آشکار کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر منظور چوہدری کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں بلکہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی چارٹر پر یقین رکھنے والی دنیا بھر کی اقوام ان کے ساتھ کھڑی ہوکر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کررہی ہیں۔ انہوں نے عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں بھارت کے انسانیت سوز گھنانے جرائم کا نوٹس لیں اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو روزمرہ کے وحشیانہ مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا رکریں۔ پاکستان کے قونصل جنرل نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیور عوام 1947سے لیکر ابتک بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں مگر اب مودی سرکار نے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کیلئے بھارت کے آئین میں ناروا تبدیلیاں کرکے پوری وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے اور بڑی بیدردی سے انسانی حقوق پامال کیے جارہے ہیں۔

دریں اثناایتھنز میں بھی پاکستانی اور کشمیری شہریوں نے سینکڑوں کی تعداد میں جمع ہوکر ہندوستانی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کی ریلی میں پاکستان کی حمایت اور بھارت کیخلاف زبردست نعرہ بازی بھی کی۔ ایتھنز میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کراتے ہوئے مظلوم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلایا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے سفاکانہ مظالم اور کرفیو کا نفاذ ختم کراکر انٹرنیٹ کی سہولت بحال کی جائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا دنیا بھر سے رابطہ بحال ہوسکے۔

مزید : تارکین پاکستان