شہید حیات محمد خان شیر پاؤ کے ملکی ترقی مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا ئیں گے: سکندر شیر پاؤ
پشاور(سٹی رپورٹر)سابق گورنر خیبرپختونخو اشہید حیات محمد خان شیرپاؤ کی 47ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر ختم القرآن کا اھتمام کیا گیا اور شہید قائد کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ختم القرآن میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ،صوبائی وائس چیئرمین الحاج ہاشم خان اور پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کے علاوہ پارٹی کارکن اور حیات شہید کے عقیدت مند بڑی تعداد میں موجود تھے۔اس موقع پر شہید لیڈر کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔سکندر شیرپاؤ نے عظیم قائد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جس عظیم مقصد کیلئے قربانی دی تھی ان کے نقش قدم پر چل کر ان کے مشن کو پورا کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ شہید حیات محمد خان شیرپاؤ کا سیاسی فلسفہ اور قربانی پختونوں کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ایک عظیم اثاثہ ہیں اور قومی وطن پارٹی کے کارکن آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قیادت میں شہید لیڈر کاسیاسی فلسفہ، تعلیمات،جدوجہد اور قربانی کو آگے بڑھا کر پختونوں کے حقوق و تحفظ،امن،معاشی خوشحالی،وسائل پر مکمل اختیار اورپختون دھرتی کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔انھوں نے کہا کہ شہید قائد کی سیاسی تعلیمات ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پختونوں کو نئی زندگی اور حوصلہ دینے کیلئے ہمیں شہید قائد کے طرز فکر اور فلسفہ کو اپنانا ہوگا۔ انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انھیں صوبہ کے بڑھتے ہوئے مشکلات کا ذمہ دار ٹہرایا اور کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ اور پختونوں کے حقوق و تحفظ سمیت صوبہ کے مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو ہوشربامہنگائی،پسماندگی و بے روزگاری اور بد امنی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دکھائی ایسے دے رہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور پختونوں کا کوئی پوچھنے والا نہیں کیونکہ انھیں ہر سطح پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی برسی کا جلسہ 15فروری کو بروز منگل منعقد کیا جائے گا جس سے پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور دیگر رہنماء خطاب کریں گے۔