پیشہ ورانہ اور فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں: صدر مملکت
اسلام آ باد (آئی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں پیشہ ورانہ اور ہنر پر مبنی تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی سے پروفیشنل ایجوکیشن فانڈیشن کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں پیشہ ورانہ اور ہنرپر مبنی تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقدامات سے روزگار کی فراہمی کیساتھ ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی، حکومت ملکی تعلیمی ترقی پر توجہ دے رہی ہے، مستحق طلبا کیلئے حکومت نے اعلی تعلیم جاری رکھنے کیلئے 50 ہزار وظائف کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی طلبا کو تعلیم جاری رکھنے، مالی طور پر بااختیار بنانے میں مدد کرنا اہم ترجیح ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی میں خصوصی طلبا کو ٹیوشن اور ہاسٹل فیس سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ورچوئل تعلیم آسان اور سستی ہے، تعلیم کے ورچوئل حصے کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وفد نے صدر کو پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ میں فانڈیشن کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا، بریفنگ دیتے ہوئے وفد کا کہنا تھا کہ پیف کالجز اور جامعات میں داخل ہونہار اور مستحق طلبا کو وظائف اور بلا سود قرضے فراہم کر رہا ہے۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ پیف کے مالی تعاون سے1700طلبا گریجویشن کر چکے، فانڈیشن نے 21-2020 میں 1900 طلبا کے تعلیمی اخراجات ادا کیے۔
صدر مملکت