حکومت اپنی مقررہ مدت پوری کرے گی،ارشد ایوب
پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ارشدایوب خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی مقررہ مدت پوری کرے گی جبکہ کارکردگی کی بنیاد پر اگلے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گے،تحریک انصاف کی حکومت صوبہ بھر میں بلاتفریق ہر ضلع میں مختلف میگاپراجیکٹس پر تیزی سے کام کر رہی ہے. جس سے عوام کی زندگی میں بہتری آئی ہے. موجودہ حکومت نے صوبے میں گزشتہ دور کی نسبت زیادہ اصلاحات اور ترقیاتی کام کیے ہیں اور ان کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی. ہر محکمے میں ایٹا کے ذریعے صرف میرٹ پر تقرریاں ہورہی ہیں جس سے بیروزگار اور اہل نوجوان برسرروزگار ہوکر اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات اورایک اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا. انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی طرف راغب کرنے کیلئے مفت آئی.ٹی کورسز اور بلاسود قرضوں کی اسکیمیں شروع کی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے فائدہ اٹھایا اور اب اپنے کاروبار چلارہے ہیں. اس موقع پروفود نے صوبائی وزیر آبپاشی کو اپنے علاقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے ان مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی. صوبائی وزیر نے محکمہ آبپاشی کے ساوتھ زون میں جاری منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت بھی کی جسمیں چیف انجنئیرساوتھ شیخ جلیل و دیگر حکام نے شرکت کی. اجلاس میں صوبائی وزیر کو جاری میگاپراجیکٹس پر بریفینگ دی گئی جبکہ درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا.صوبائی وزیر نے منصوبوں کے حوالے سے حکام کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جلد از جلد مکمل کیا جائے.