ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفاتر کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے: فضل شکور خان
پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے قانون فضل شکور خان نے لاء آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کے ممبران سے منگل کے روز اپنے دفتر پشاور میں حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی اور لاء آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر اور دیگر کابینہ ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پرصوبائی وزیر قانون فضل شکور خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے محکمہ قانون سے منسلک تمام افسران کے جائز اور قانونی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا اور ان کے لیے قانونی تقاضوں کے مطابق ایک مخصوص سروس سٹرکچر بھی تشکیل دیا جائے گا تاکہ ان افسران کے لیے سروس کے دوران ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کو جائز حقوق مل سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفاتر کو درپیش دفتری عملے کے مسائل کو جلد از جلد حل کروایا لیا جائے گا اور تمام اضلاع کی خالی آسامیوں پر متعلقہ اضلاع کے لوگوں کو بھرتی کروایا جائے گا اور کسی کی حق تلفی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا دفتری عملے، الاؤنس اور سروس سٹرکچر کے مسائل کے حل سے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفاتر کو درپیش مسائل پر کافی حد تک قابو پالیا جائے گا۔فضل شکور خان نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ ان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی ہوگی تاکہ پورے صوبے میں قانون کی بالادستی ہو اور عوام کو انصاف ان کی دہلیز پر مل سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی فرد واحد کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے اور انصاف کو عام کروایا جائے تاکہ وزیراعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کروایا جا سکے۔