فروغ تعلیم حکومت کی تر جیحات میں سرفہرست ہے، ڈاکٹر امجد علی
پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ فروغِ تعلیم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ریکارڈ تعداد میں آساتذہ کرام بھرتی کئے۔ عوام کی بے لوث خدمت، سہولیات کی فراہمی اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت، عوامی اعتماد و بھروسہ آئے روز بڑھتا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ قافلوں کی شکل میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں.ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے درہ خزانہ شموزئی سوات میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجدعلی نے کہا کہ صوبہ بھر میں نہ صرف نئے تعلیمی ادارے قائم کئے جا رہے ہیں بلکہ پہلے سے موجود اداروں میں تمام تر جدید سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔ ڈاکٹر امجدعلی نے کہاکہ عوام کی ترقی وخوشحالی اور خدمت ان کی سیاست کا محور ہونے سمیت فرائض منصبی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف حلقہ پی کے 6، سوات میں 8 ارب روپوں کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل دور حاضر میں نہ صرف ایک سنہرا اقدام ہے بلکہ علاقہ کی تاریخ میں ریکارڈ بھی ہے۔