قبضہ گروپوں کی حکومتی فہرست کیخلاف درخواست پر آئی جی پنجاب کی طلبی
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس فاروق حیدر نے قبضہ گروپوں اور بدمعاشوں کی حکومتی فہرست کیخلاف دائردرخواست پر سپیشل سیکرٹری ہوم اور آئی جی پنجاب کو 10فروری کوطلب کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے، گوگی بٹ اورامیر بالاج سمیت دیگر کی درخواستوں میں موقف اختیارکیا گیاہے کہ اعلیٰ پولیس افسران کے حکم پر درخواست گزار کیخلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں، گرفتاری کے بعد پولیس نے مقدمات درج کئے، درخواست گزاروں کیخلاف مقدمات درج کرانے کیلئے اکسایا جارہا ہے، درخواست گزار کے خلاف25 سال کے دوران کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، پولیس کی جانب سے ناجائز مقدمات درج کیے جارہے ہیں اور شہریوں کو اکسایا جارہا ہے، عدالت سے استدعاہے کہ پولیس کو بلاجواز مقدمات درج کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔