اپوزیشن کا استعفوں سے راہ فرا ر کے بعد عدم اعتماد کا شوشہ بھی ناکام رہے گا: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپوزیشن کی منفی سیاست کی مذمت کی ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ استعفوں سے راہ فرار اختیار کرنے والی اپوزیشن کا عدم اعتماد کا شوشہ بھی ناکام رہے گا۔ بعض جماعتیں پہلے ہی اپوزیشن اتحاد کے خلاف عدم اعتماد کرکے راستے جدا کر چکی ہیں لہٰذا بکھری ہوئی پی ڈی ایم پہلے اپنے گھر کو دیکھے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے لیکن اپوزیشن ملک کو ریورس گئیر لگانا چاہتی ہے۔حکومت مضبوط ہے اور اپوزیشن کمزورہے۔ساری اپوزیشن اول تو ایک ہو نہیں سکتی، اگر اکٹھی ہو بھی جائے تو بھی وزیر اعظم عمران خان کے سامنے ان کی کوئی حیثیت نہیں۔موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن کی آنیاں، جانیاں اسی طرح چلیں گی۔ اپوزیشن پرعوام عدم اعتماد کا اظہار کر چکے، یہ عدم اعتماد کیا لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں ایلیویٹڈ ایکسپریس منصوبے سے متعلق اجلاس منعقدہوا، جس میں ایل ڈی اے کے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کو جلد شرو ع کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے عوام کو موٹروے تک آسان رسائی ممکن ہوگی۔ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے کینال اورملتان روڈ پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت میسر آئے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ لاہورکی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے جیسے پراجیکٹس ضروری ہیں۔ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے لاہور کی مصروف سڑکوں پرٹریفک کے دباؤ میں 65فیصد تک کمی ہوگی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ لاہو رمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے -ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے منصوبے کے اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی-صوبائی وزیر ہاؤسنگ اسد کھوکھر،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہاؤسنگ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-
وزیراعلیٰ پنجاب
عثمان بزدار