صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عنقریب لائحہ عمل مرتب کرینگے: مشتاق احمد غنی
پشاور(نیوزرپورٹر)وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے زیر اہتمام پشاور میں بزنس پرفارمنس ایوارڈز کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی تھے. تقریب میں برادر اسلامی ملک ایران کے پاکستان میں تعینات قونصلر جنرل حامد رضا غومی, افغانستان کے پاکستان میں متعین قونصلر جنرل حافظ محب اللہ, سینیٹر غلام علی, نومنتخب مئیر پشاور حاجی زبیر علی کے علاوہ صوبائی محکموں کے اعلی افسران, چیمبر آف کامرس اینڈ اینڈسٹریز کے عہدیداران اور دیگر اہم افراد شریک تھے.تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر مشتاق احمد غنی اتنی پروقار تقریب منعقد کرانے پرمنتظیمن کی ستائش کی. انہوں نے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس ضمن میں عنقریب وہ صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا میں متعلقہ محکموں کے اعلی عہدیداران اور صنعت کاروں کا اجلاس بلاینگے اور ان کے ساتھ باہمی مشاورت سے لائحہ عمل ترتیب دینگے. انہوں نے کہا کہ اس وقت وزیر اعظم عمران خان کی زیر سرپرستی و نگرانی وفاقی و صوبائی حکومت مکمل طور پر اس بات سے آگاہ ہے کہ بزنس فرینڈلی پالیسیاں بنا کر ہی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں. ہم کسی بھی صورت بیوروکریسی کو تاجروں اور حکومت کے درمیان دیوار بننے کی اجازت نہی دینگے.انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور افغانستان ہمارے برادر اسلامی ممالک ہیں. دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے. پاکستان اور افغانستان کی موجودہ حکومتوں کی سوچ اس حوالے سے ایک ہے کہ تجارت اور امن کو فروغ دیا جائے اور ایسا تب ہی ممکن ہوگا جب ہم ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ایک ہی چھت کے نیچت صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات میسر کروائیں اور سرخ فیتے کا خاتمہ کریں. انہوں نے اس موقع پر اسلامی جمھوریہ ایران کی 43ویں سالگرہ پر ایرانی سفیر کو دلی مبارکباد پیش کی.تقریب میں وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت نے سپیکر مشتاق احمد غنی کو نہ صرف اپنا سفیر مقرر کیا کہ وہ صنعت کاروں اور حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرینگے بلکہ انکو تاحیات ممبر بھی بنایا. سپیکر مشتاق غنی نے صنعت کاروں سرمایہ کاروں کا ان پر اعتماد کرنے کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا. آخر میں مہمان خصوصی سپیکر مشتاق احمد غنی نے صوبے میں صنعت و حرفت و تجارت کو فروغ دینے اور اس حوالے سے اپنی بہترین خدمات پیش کرنے والے افراد میں پرفارمنس ایوارڈز تقسیم کئے۔