خیبر پختونخوا میں پہلا سائنس میوزیم مردان میں جلد قائم کیا جائیگا: عاطف خان 

خیبر پختونخوا میں پہلا سائنس میوزیم مردان میں جلد قائم کیا جائیگا: عاطف خان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے  سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سائنس و ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں سائنس ٹیکنالوجی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہیں جن سے صوبے کے مہارت یافتہ افراد سے صوبے کے بہتر مفاد میں استفادہ حاصل کیا جا سکے گا ان کا کہنا تھا کہ سائنس ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبے کے  مختلف شعبوں کے خام مال کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں جن سے صوبے کے زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سائنس ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام سائنس ٹیکنالوجی کے مختلف جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں  سیکرٹری محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی مطیع اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل سائنس ٹیکنالوجی ساجد حسین اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کے پہلے سائنس میوزیم کے قیام کے لئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں جو تقریباً 200 کنال اراضی پر مشتمل ہوگا۔ صوبائی وزیر کو مزید بتایا گیا کہ آٹھ ایریاز کے خام مال جیسے جیمز سٹونز،فشریز، ادویاتی پودے، پھل اور سبزیاں مائیکرو ہائیڈرو پاور وغیرہ کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کو بھی جلدحتمی شکل دی جائے گی۔ صوبائی وزیر عاطف خان نے تمام منصوبوں پر جلد عملی کام کا آغاز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلا وجہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عاطف خان کا کہنا تھا کہ سائنس ٹیکنالوجی کے جاری منصوبوں سے لوکل ٹیلنٹ سے استفادہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کے محصولات میں بھی اضافہ ممکن ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے نے ایک انقلاب برپا کیا ہے اس لئے صوبے میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ سے ہی ترقی ممکن ہے عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے محکمہ کے حکام کو تمام منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مزید :

صفحہ اول -