کراچی، ٹک ٹاک اور زندگی ٹرسٹ کے درمیان شراکت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختصر ویڈیوز کے ممتاز پلیٹ فارم، ٹک ٹاک (TikTok) نے زندگی ٹرسٹ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کے بارے میں آگاہی کی مہم چلانا ہے۔اس شراکت کا اعلان سیفر انٹرنیٹ ڈے کے موقع پر کیا گیا جو ہر سال8فروری، 2022ء کو عالمی سطح پر منایا جاتاہے۔ اس شراکت کے ذریعے زندگی ٹرسٹ کی جانب سے گود لیے گئے سرکاری اسکولوں میں طلباء، والدین اور اساتذہ کے لیے ورکشاپس کا ایک سلسلہ منعقد کیا جائے گا۔ِ ان ورکشاپس کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرنے والے ہزاروں نوجوان انٹرنیٹ کے استعمال کے بہترین طریقے سیکھ سکیں گے اور یہ سمجھ سکیں گے کہ وہ کس طرح ذمہ دار ڈیجیٹل شہری بن سکتے ہیں اور پورے ملک میں ایک محفوظ آن لائن کمیونٹی تیار کر سکتے ہیں۔اِن ورکشاپس میں مختلف موضوعات پر تعلیم دی جائے گی جن میں والدین اور اسٹوڈنٹس کے لیے ٹک ٹاک پر دستیاب سیفٹی فیچرز، سوشل میڈیا پر پائے جانے والے نقصان دہ روئیے، درست معلومات کو آگے پہنچانے کے طریقے، جعلی خبروں اور معلومات کی شناخت، غیر قانونی اور نقصان دہ کنٹنٹ کی رپورٹنگ کا میکانزم شامل ہیں۔