حجاب پہننے پر کسی کو ہراساں کرنا سراسر ظلم ہے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارت میں حجاب پہننے پر مسلمان خاتون کو انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے ہراساں کرنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حجاب پہننے پر کسی کو ہراساں کرنا سراسر ظلم ہے ۔
سماجی رابے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ دنیا کو یہ سمجھنا چاہیے کہ یہ مسلمانوں کے خلاف بھارتی ریاستی منصوبے کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی ریاست کرناٹک میں باحجاب طالبات پر کالجز کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں ، ایسے میں ایک باحجاب خاتون جب اپنے کالج گئی تو وہاں بھارتی انتہا پسند ہندوؤں نے طالبہ کو ہراساں کرتے ہوئے جئے شری رام کے نعرے لگائے ، بہادر اور نڈر طالبہ نے بھی جواب میں اللہ اکبر کے نعرے لگائے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے ۔
سوشل میڈیا پر بہادر طالبہ کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے جبکہ انتہا پسند ہندوؤں کے رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے ۔