جہاز کی بزنس کلاس میں مسافر نے دوران سفر خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ سے برطانیہ کا فضائی سفر کرتے ہوئے بزنس کلاس کے ایک برطانوی مسافر نے دوران سفر خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ دی سن کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز کی یہ پرواز امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر نیوارک سے لندن جا رہی تھی، جب راستے میں ملزم نے خاتون کو زبرستی اپنی ہوس کا شکار بناڈالا۔ متاثرہ خاتون نے واردات کے بعد جہاز کے عملے کو شکایت کی۔
جہاز کے عملے نے لینڈنگ سے پہلے ہی ایئرپورٹ پر واقعے سے متعلق مطلع کر رکھا تھا اور ملزم کو پولیس نے طیارے میں سے ہی حراست میں لے لیا۔ ملزم کی عمر 40سال کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہے جسے ہیتھرو پولیس سٹیشن لیجایا گیا اور وہاں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے لینے کے ساتھ ساتھ دیگر کارروائی کرکے اسے چھوڑ دیا گیا۔ پولیس واقعے کے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کی عمر بھی 40سال کے قریب ہے اور وہ بھی برطانوی شہری ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کی طرف سے جہاز میں ہونے والی اس قبیح واردات کی تصدیق کر دی گئی ہے۔پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ملزم نے اس وقت خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب باقی مسافر سو رہے تھے۔