مودی کے ستائے بھارتی تاجر اور اس کی بیوی نے فیس بک پر لائیو خود کشی کرلی

لکھنؤ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش میں مودی سرکاری کی نا اہلی سے تنگ آئے ایک تاجر اور اس کی بیوی نے فیس بک لائیو پر خود کشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجیو نامی اس تاجر کا کاروبار تباہ ہوچکا تھا اور وہ قرضوں میں ڈوب گیا تھا۔ راجیو نے فیس بک لائیو پر خود کو آگ لگائی جب کہ اس کی بیوی نے زہر پی لیا۔ فیس بک پر ویڈیو سامنے آئی تو لوگوں نے پولیس کو مطلع کیا جس نے فوری طور پر میاں بیوی کو ہسپتال منتقل کیا جہاں بیوی دم توڑ گئی جب کہ راجیو کی حالت نازک ہے۔
فیس بک کی جانب سے یہ ویڈیو اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں خود کشی کرنے سے پہلے راجیو نے کہا کہ وہ نریندر مودی سے کہنا چاہتے ہیں کہ تم اس ملک کے ساتھ مخلص نہیں ہو، تمہاری غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے چھوٹے تاجر اور کسان خودکشی پر مجبور ہوگئے ہیں، اپنی پالیسیاں تبدیل کرو، مودی سرکار کے جی ایس ٹیکس نے کاروبار کو بُری طرح متاثر کر دیا ہے۔