فلم ” ہوئے تم اجنبی “ ناظرین میں خوب پذیرائی حاصل کرے گی ، کامران شاہد 

فلم ” ہوئے تم اجنبی “ ناظرین میں خوب پذیرائی حاصل کرے گی ، کامران شاہد 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)شاہد فلمز اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے زیر اہتمام گزشتہ روز مقامی سنیما میںکامران شاہد کی ڈائریکشن میں بنائی جانے والی فلم ’ ’ہوئے تم اجنبی‘ ‘کے حوالے سے میڈیا بریفنگ اور ٹریلر لانچنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی ،سینئر صحافی حفیظ اللہ نیازی، اینکر پرسن منیب فاروق ،ارشاد احمد بھٹی،چیئرمین فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن چوہدری ذوالفقار مانا،پروڈیوسر ڈائریکٹر شہزاد رفیق،راشد خواجہ،شاعرعباس تابش سمیت فلم میں نمایاں کردار اداکرنے والے سہیل احمد ،محمود اسلم،شفقت چیمہ ،میکال ذوالفقار نے بھی شرکت کی ۔عباس تابش نے اپنے مخصوص انداز میں فلم کا نغمہ پڑھ کر سنایا۔اس تقریب کی میزبانی کے فرائض فاروق حسن نے انجام دیئے ۔معزز مہمانوں اور میڈیا کے نمائندوں نے فلم کے ٹریلرکوبہت پسند کیا۔فلم ”ہوئے تم اجنبی “میںمیکال ذوالفقارکے مقابل سعدیہ خان نے ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے جبکہ دیگر اہم کردار سہیل احمد، محمود اسلم، شفقت چیمہ، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، شمعون عباسی، علی خان اور شاہد حمید نے نبھائے ہیں ۔اس فلم کے مصنف بھی کامران شاہد ہی ہیں۔فلم ”ہوئے تم اجنبی “سقوط ڈھاکہ1971ءکے پس منظر میں بنائی گئی ہے جبکہ شاہد فلمزکے زیر سایہ بننے والی اس فلم میں سب سے زیادہ دلکش رومانوی کہانیوں میں سے ایک غیر معمولی فلیش بیک ناظرین کے لئے پیش کیا گیاہے۔ یہ فلم پاکستان بھر میں مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کی جانب سے ریلیز کی جا رہی ہے۔ اس فلم کو عیدالفطر کے موقع پر ملک کے تمام سینما گھروں میں عام نمائش کیلئے پیش کیا جا ئے گا۔اس موقع فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معروف اینکر کامران شاہدنے کہا کہ 'ہوئے تم اجنبی' کی پروڈکشن ماضی کی سب سے دلکش محبت کی کہانی کو پیش کرتی ہے جو کبھی نہیں سنی گئی تھی اورفلم بینوں کے مطابق جنگی تاریخوں میں تازہ اور غیر معمولی رومانوی داستان پر مبنی فلم” ہوئے تم اجنبی “ناظرین کی خوب پذیرائی حاصل کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں کامران شاہد نے کہا کہ میں اس فلم کا رائٹر ڈائریکٹر ہوں جہاں تک سرمایہ کاری کا تعلق ہے تو اس کے بارے میں شاہد صاحب سے پوچھیں یہ بات سچ ہے کہ آئی ایس پی آر نے ہمارے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے۔ہر کردار کا چناﺅ بہت سوچ بچار کے بعد کیا گیا ۔اس فلم میں 9گانے شامل کئے گئے ہیں ۔فلم کا ٹائٹل سانگ علی ظفر کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جو معروف شاعر عباس تابش نے لکھا ہے ۔چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ کامران شاہد کو اللہ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے وہ جو بھی کام کرتے ہیں وہ اس میں کامران ہوتے ہیں اس فلم کے ٹریلر اور فنکاروں کا کام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی پاکستان میں ایسی فلمیں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں میں ایسا اس لئے کہہ رہا ہوں کہ ایک زمانے میں سنسر بورڈ کا ممبر رہا تو بار بار فلمیں دیکھنے کا موقع ملا کامران شاہد کی یہ فلم رومانٹک ہے اس میں وہ سب کچھ ہے جو شائقین دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے اس فلم کے ذریعے تاریخ کا قرض اتارا ہے ۔مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ میں یہ فلم بنانے پر کامران شاہد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں سہیل احمد کے لئے صرف اتنا کہوں گا کہ وہ ہر کردارخوب ادا کرتے ہیں۔سہیل احمد نے کہا کہ میں ”ہوئے تم اجنبی “میں ایک منفرد کردار میں نظر آﺅں گا کامران شاہد کے کام کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔محمود اسلم،شفقت چیمہ،شعمون عباسی اور میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ کامران شاہد کے ساتھ فلم میں کام کرنے کا خوب مزا آیا یہ فلم کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی اس کی خاص بات کرداروں کی مناسبت سے فنکاروں کا انتخاب ہے دیکھنے والوں کے لئے یہ ایک تحفہ ہے ۔”ہوئے تم اجنبی “کی موسیقی سب کو پسند آئے گی ۔
کامران شاہد

مزید :

صفحہ آخر -