پنجاب پولیس ایک فیملی، بحیثیت سربراہ ہر رکن کی ویلفیئر میری اولین ترجیح: ڈاکٹر عثمان انور
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی مانند ہے اور بحیثیت سربراہ اپنے خاندان کے ہر رکن کی ویلفیئر کا مناسب خیال رکھنا میری ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹ سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع کے شہداء، غازیوں،حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے ویلفیئر کیسز کو رواں ماہ لازمی نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کے مشن میں معذور ہونے والے جوان ہمارا فخر ہیں اور ان بہادر غازیوں، معذوروں اور بیماروں کیلئے نئے خصوصی ویلفیئر پیکیج کے تحت مصنوعی اعضاء، الیکٹرک وہیل چیئر زو بیڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ڈاکٹر عثمان انورنے ہدایت کی کہ ویلفیئر برانچ اس بات کو یقینی بنائے کہ ماہ فروری کے اختتام تک پنجاب پولیس کے شہداء، غازیوں، حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین کی آخری تنخواہ، پنشن، جہیز فنڈ، میڈیکل امداد، تجہیز و تکفین، تعلیمی سکالر شپ سمیت ویلفیئر کی کسی کیٹیگری کا کوئی کیس زیر التواء نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس کے غازیوں میں ویلفیئر پیکیج کے تحت امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کیا۔
