مقبوضہ کشمیر، افضل گورو، مقبول بٹ کی برسی، آج اور ہفتہ کے روز ہڑتال کا اعلان 

  مقبوضہ کشمیر، افضل گورو، مقبول بٹ کی برسی، آج اور ہفتہ کے روز ہڑتال کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


    سرینگر،اسلام آباد(این این آئی)بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں ممتاز کشمیری رہنماؤں محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کی برسیوں کے موقع پر(آج) 9 فروری(جمعرات) اور 11 فرور ی (ہفتہ) کو مکمل ہڑ تال کی جائیگی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اورجموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے دی ہے جبکہ دیگر تمام حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے کال کی حمایت کی ہے۔بھارت نے تحریک آزادی میں نمایاں کردار کی پاداش میں محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو جبکہ محمد مقبول بٹی کو 11فروری 1984 کونئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں تختہ دار پر لٹکایا تھا۔ ان کی لاشیں جیل کے احاطے میں ہی دفن کی گئی تھیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبول محمد بٹ اور محمد افضل گورو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا دونوں رہنماؤں کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور بھارت کو کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر کو حل کرنے پر مجبور کرے۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے بھی ایک بیان میں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کیا۔بیان میں تمام غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارتی جیلوں میں نظر بند دیگر تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ادھر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ایک غیر کشمیری خاندان کے 5 افراد کی موت واقع ہوگئی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک غیر کشمیری رہائشی ماجد انصاری کا خاندان ضلع کے علاقے کرالپورہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کرائے کی رہائش گاہ پر مشتبہ طور پر دم گھٹنے سے انتقال کر گیا۔جاں بحق ہونیوالوں میں 35سالہ ماجد انصاری، ان کی اہلیہ30 سوہانہ،4سالہ فیضان، 3سالہ ابو زر اورچند روز کا ایک شیر خوار بچہ شامل ہیں۔انہیں اپنے گھر میں بیہوش پانے پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرا ر دیدیا۔ دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماء بلال احمد صدیقی سمیت 3 بے گناہ کشمیریوں کی جھوٹے الزامات کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا بھارتی پولیس نے بلال احمد صدیقی، سماجی کارکن عمر عادل ڈار اور ایک دکاندار سالک معراج سمیت 3 بے گناہ کشمیریوں کو سرینگر میں جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے انہیں سرینگر کے علاقے نوگام میں ان کے گھروں اور دکان سے گرفتار کیا۔محمود ساغر نے افسوس ظاہر کیابھارتی پولیس نے ان کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کیلئے انہیں مجاہد تنظیم کے کارکن قرار دیا ہے جبکہ سالک معراج کے کاروبار کی رقم بھی ضبط کرلی ہے۔
مقبوضہ کشمیر

مزید :

صفحہ اول -