تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں‘ 1210 افراد گرفتار
پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کارروائیاں کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے پر 1 ماہ میں 1210 افراد کو گرفتار کرکے ان پر جرمانے عائد کئے. تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے شہر بھر سے تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات کے نقصانات بارے آگاہی دی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے بورڈ بازار, کینٹ, باچا خان چوک, سٹی‘ کوہاٹ روڈ‘ دل زاک روڈ‘سبزی منڈی اور جی ٹی روڈ پر کارروائیاں کی گئیں اور 1210 افراد کو گرفتار کرکے ان پر جرمانے عائد کئے۔اسی طرح سڑک کنارے سواریاں بٹھانے اور اتارنے پر 195 سوزوکیوں، نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر 260 موٹر سائیکل مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کر کے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو گرفتار کیا جاتا ہے تاکہ ان پر جرمانے عائد کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات مافیا شہر کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں اور شہریوں کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے مزید کہا کہ تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔
