آٹے اور فرٹیلائز ر کی سرکاری نرخ پر دستیابی یقینی بنائی جائے: امداد اللہ بوسال 

آٹے اور فرٹیلائز ر کی سرکاری نرخ پر دستیابی یقینی بنائی جائے: امداد اللہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        پشاور(سٹاف رپورٹر)نئے تعینات چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امداد اللہ بوسال نے بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں انتظامی سیکرٹریوں، ڈائریکٹر پی ایم آر یو نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورت حال، آٹے اور فرٹیلائزر کی دستیابی،ضمنی اور عام انتخابات کے لئے تیاری زیر غور لائی گئی۔چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال نے ہدایت کی کہ صوبے میں آٹے اور فرٹیلائزر کی حکومتی نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں ضمنی اور عام انتخابات کے لئے اقدامات یقینی بنائیں۔ اور الیکشن کمیشن کو پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو تاکید کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور غیر جانبداری کے ساتھ سر انجام دیں۔اسی طرح الیکشن کمیشن کی طرف سے نگران حکومت کے لئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کریں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ امن وامان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے تمام متعلقہ ادارے آپس میں اچھے روابط قائم رکھیں۔ اس ضمن میں ضلعی انٹیلیجنس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز  رمضان المبارک کی آمد سے قبل ماہ مقدس کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کریں تاکہ شہریوں کو رمضان میں سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔