مہمند میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ کمشنر پشاور کا نوٹس 

مہمند میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ کمشنر پشاور کا نوٹس 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے قبائلی ضلع مہمند کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں ٹیسکو چیف قاضی محمد طاہر، ڈپٹی کمشنر مہمند عارف اعوان اور قبائلی ضلع مہمند کے سو سے زائد عمائدین،مشران اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔جرگہ میں قبائلی عمائدین اور مشران کے مطالبات پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے اور ضلع میں بجلی کی ترسیل کا دورانیہ بڑھانے کے لئے ٹیسکو چیف کو ہدایات جاری کر دیئے گئے۔اس کے علاوہ لنگی الانس کی بحالی کے لئے صوبائی حکومت سے رابطہ کا فیصلہ کیا گیا جبکہ یکہ غنڈ تا غلنئی 14 کلومیٹر روڈ پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کئے گئے ضلع میں روزگار کی فراہمی اور خوشحالی کے لئے گورسل بارڈر کھولنے کیلئے اعلیٰ سول اور عسکری حکام سے رابطہ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے قبائلی مشران سے وعدہ کیا کہ وہ ان کے تمام جائز مطالبات ان کا وکیل بن کر حکومت کے سامنے پیش کریں گے اور ان کے حل کیلئے ذاتی طور پر کوششیں کرینگے۔ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ خود بھی قبائلی ہیں اس لیے قبائلی اضلاع کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لئے ضرور جدوجہد کرینگے۔انہوں نے ضلع مہمند کے خاصہ داروں کو اگلے مرحلے میں پولیس میں ضم کرنے کا اعلان کیا جرگہ کے اختتام پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کو اظہار تشکر کے طور پر قبائلی مشران نے روایتی لنگی پہنائی۔