'پیٹرول سستا کرو'، کراچی کے تاجروں کا 11 فروری سے بھرپور احتجاج کا اعلان

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کے تاجروں نے بگڑتی معاشی صورت حال کے سبب پیٹرول سستا کرنے کے سمیت مطالبات کے حق میں 11 فروری سے غیر معینہ مدت تک بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس کراچی میں ہوا جس میں تاجروں نے ڈالر، پیٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔ تاجروں نے حکومت سے اخراجات کم کرنے اور درآمدی اشیا کے کنٹینرز ریلیز کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
تاجر رہنماوں کا کہنا تھا کہ خام مال اور ضروری اشیا کی درآمد پر پابندی ختم کی جائے، صنعتیں بند ہو رہی ہیں، برآمدات کیسے بڑھائیں گے۔ تاجروں نے پہلا احتجاجی کیمپ بولٹن مارکیٹ پر لگانے کا فیصلہ کیاہے۔