کبھی کبھار اپنے اندر جھانک لیا کریں

تحریر : ڈاکٹر محمد اعظم رضا تبسم
کبھی کبھار تنہا بیٹھ کر خود کو وقت دیا کریں کیا کھویا کیا پایا کا حساب لیا کریں۔ زندگی ترتیب دیا کریں ۔
کبھی کبھار زندگی نہایت کم وقت میں بہت زیادہ سبق سکھا دیتی ہے،
کبھی کبھار آنکھوں میں کوئی ایسی دھول جھونک جاتا ہے کہ انسان پہلے سے بہتر دیکھنے لگتا ہے ہماری زندگی میں رونما ہونے والے حادثات ہمیں ہماری عمر سے بہت بڑا بنا دیتے ہیں۔
کبھی کبھار تلخ تجربوں کو اللہ کی خاص نعمت سمجھ کر قبول کر لیا کریں کیونکہ تلخ تجربات سے گزر کر اور کئی مان ٹوٹنے کے بعد پیدا ہونے والی خود اعتمادی ایک مشعل راہ کی صورت میں ہمیں اس مقام تک لے جاتی ہے جہاں ہمیں کسی انسانی سہارے کی ضرورت نہیں رہتی۔۔!!
کبھی کبھار اپنے اندر جھانک لیا کریں اپنے عیبوں کی فہرست بنا کر انہیں دور کرنے کی کوشش کیا کریں اس سے آپ کو دوسروں کو عیب تلاش کرنے سے فرصت مل جاۓ گی ۔
کبھی کبھار اپنی خوبیوں کی فہرست بنا لیا کریں اس سے حوصلہ ملے گا اور ان میں مزید نکھار پیدا کر لیا کریں ۔
کبھی کبھار رو بھی لیا کریں کچھ برا یاد کر کے ۔ تا کہ دل کے آئینے پر پڑی گرد صاف ہو جاۓ ۔
کبھی کبھار اپنا ہاتھ اپنے ہاتھ میں تھام کر کہا کریں میں اپنے ساتھ ہوں اور توڑنے والوں سے مقابلہ پورے یقین سے کیا کریں ۔
کبھی کبھار طویل پیدل چلا کریں تھک کر بیٹھ جائیں تو یاد کرنا زندگی ایک سفر ہے زمین پر ہمیشہ نہیں رہنا ۔
کبھی کبھار پہروں بھوکے رہا کریں ملنے والی چیزوں پر شکر ادا کیا کریں۔اس طرح محرومیوں پر صبر آ جاۓ گا ۔
کبھی کبھار بلا وجہ کسی کی مدد کر دیا کریں ۔ خدا بن مانگے دی نعمتوں میں اضافہ کر دے گا ۔
کبھی کبھار کسی بوڑھے کو سہارا دیا کریں ۔کسی بھوکے کو کھانا دیا کریں اور کسی کو جوتا پہنا دیا کریں احساس رہے گا وقت حالات اور زندگی کبھی بھی بدل سکتی ہے ۔