ساری زندگی جیل میں گزار سکتا ہوں، اتحادیوں سے بے وفائی نہیں کر سکتا: شیخ رشید

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ساری زندگی جیل میں گزار سکتا ہوں مگر اتحادیوں سے بے وفائی نہیں کر سکتا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے اتحادی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ مخالفین چاہتے ہیں کہ پیٹریاٹ پارٹی کی سربراہی کروں مگر بے وفائی نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ شیخ رشید کو 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے، مری پولیس نے شیخ رشید کوسول کورٹ میں پیش کر کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی،مری پولیس کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ شیخ رشید سے مقدمے سے متعلق تفتیش کرنی ہے اور کچھ ریکوریز کرنی ہیں ،درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ شیخ رشید کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔