ترکی کے عوام پاک فوج کی زلزلہ متاثرین کیلئے خدمات کے معترف

انقرہ (ڈیلی پاکستان) ترکی میں پاک فوج کی جانب سے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، برادر ملک کے عوام پاک فوج کی خدمات کے دل سے معترف دکھائی دیتےہیں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پاک فوج کی ریسکیو ٹیم نے 24 گھنٹوں کے دوران بھاری ملبے تلے جاں بحق ہونے والے 17 افراد کی لاشیں نکال لیں جبکہ ملبے تلے دبے زندہ افراد کا 3 مقامات پر تعین کر لیا۔پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں کی جانب سے گذشتہ رات ادیامان میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ کے باوجود امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
واضح رہے کہ ترکی اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، صدر طیب اردگان نے آفت زدہ علاقوں کا دورہ کیا جس کے دوران زلزلہ متا ثرین کو حوصلے اور ہمت سے مشکلات کا مقابلہ کرنے کا درس دیا، ان کا کہنا تھا کہ ترک قوم کیلئے یہ اتحاد اور یک جہتی کا وقت ہے، اتنے وسیع پیمانے پر آنے والے تباہی کی پیشگی تیاری ممکن نہیں۔