جڑواں شہروں میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن )کاﺅنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جڑواں شہروں میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیااورکالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتارکرلئے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی کاکہناہے کہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے حاجی فقیر گروپ سے ہے ، دہشتگردوں کی شناخت حیات اللہ اور وکیل خان کے نام سے ہوئی ۔
دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ دہشتگردوں نے خودکش حملہ آوروں کے ساتھ راولپنڈی پولیس لائنز پر حملہ آور ہونا تھا ، سی ٹی ڈی کے مطابق تھانہ صدر بیرونی، ڈسٹرکٹ کورٹس، سینیٹ پال چرچ دہشتگردوں کا ٹارگٹ تھے ،دہشتگردوں نے کانونٹ سکول، پولیس لائنز اسلا م آباد ودیگر حساس مقامات پر تخریبی کارروائیاں کرنا تھیں ۔
دہشتگردوں نے انکشاف کیاکہ تمام مقامات کی ریکی کرکے تصاویر ٹی ٹی پی کمانڈر افغانستان کو بھجوائی گئی،سی ٹی ڈی پنجاب نے کہاکہ حاجی فقیر گروپ افغانستان سے آپریٹ کر رہا ہے ، ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔