امریکی قونصل جنرل لاہور کا بہاولپور کا دورہ، امریکہ پاکستان پارٹنرشپ کی مضبوطی کو فروغ دیا

بہاولپور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور میں امریکی قونصل جنرل ولیم کے مکانیول نے دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے تعلقات کو وسعت دینے کے لیے امریکہ پاکستان شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ممالک 75 سالوں سے شراکت دار ہیں۔ ہماری دونوں قوموں کے کافی مشترکہ مفادات اور اقدار ہیں، جو ہماری شراکت داری اور کئی قسم کے تعاون سے ظاہر ہوتا ہے.
قونصل جنرل نے بہاولپور چیمبر آف کامرس آف انڈسٹریز کے زیر اہتمام ظہرانے کے استقبالیہ میں مقامی تاجر برادری کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا "امریکی حکومت نے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے، اختراعات کی حوصلہ افزائی، انٹرپرینیورشپ، اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے کام کیا ہے۔" انہوں نے ایشیا گھی مل اور اشرف شوگر ملز کے دوروں کے دوران مضبوط دوطرفہ اقتصادی تعلقات پر مزید زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ بدستور پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی مقام ہے اور پنجاب ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا مرکز ہے۔ پاکستان میں امریکی براہ راست سرمایہ کاری میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب یہ ایک دہائی کے دوران سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مینوفیکچررز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاہمارے دونوں ممالک اور پورا خطہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں توسیع سے فائدہ اٹھائے گا.
بہاولپور میں قونصل جنرل نے کالے ہرن کی پناہ گاہ ا اور کنزرویشن بریڈنگ سنٹر کا دورہ کیا۔ وہ پنجاب وائلڈ لائف فاریسٹ اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات سے بہت متاثر ہوئے اور انہوں نے پاکستان میں متنوع شراکت داروں کے ساتھ گرین الائنس کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے امریکی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ یو ایس پاکستان گرین الائنس زراعت، توانائی، پانی اور دیگر ماحولیاتی مسائل سے متعلق مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک فریم ورک ہے۔