واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ برطانیہ کے شہزادہ ہیری کو امریکہ سے بے دخل نہیں کریں گے، حالانکہ ان کے ویزا کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ہیری کی زندگی پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے۔
ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا "میں ایسا نہیں کرنا چاہتا، وہ پہلے ہی اپنی بیوی کے ہاتھوں پریشان ہے، اس کی بیوی بہت ہی بری ہے، اس لیے میں شہزادہ ہیری کو ڈی پورٹ نہیں کروں گا۔"
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی تھنک ٹینک ہیریٹیج فاؤنڈیشن نے پرنس ہیری کے ویزا کے حوالے سے قانونی چیلنج دائر کر رکھا ہے۔ تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیری نے اپنے ویزا فارم میں ممکنہ طور پر غیر قانونی منشیات کے استعمال سے متعلق سچائی چھپائی تھی، جس کا ذکر انہوں نے اپنی کتاب اسپیئر میں کیا تھا۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس موقع پر پرنس ہیری کے بڑے بھائی پرنس ولیم کی تعریف بھی کی اور انہیں "ایک شاندار نوجوان" قرار دیا۔ ٹرمپ اور پرنس ولیم کے درمیان پیرس میں نوٹر ڈیم کیتھیڈرل کی بحالی کے موقع پر دسمبر 2024 میں ایک نجی ملاقات بھی ہوئی تھی۔ اس کے برعکس ٹرمپ اور ہیری کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں جس کی بڑی وجہ ہیری کی بیوی میگھن مارکل ہے۔
ٹرمپ نے اس سے قبل بھی شہزادہ ہیری پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ہیری بیچارہ اپنی بیوی کے اشاروں پر چل رہا ہے"۔