کراچی پیکیج عمل درآمد معاملہ: متحدہ کے اجلاس میں پی سی ون فائنل

کراچی( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی حکومت کے کراچی پیکیج پر عمل درآمد کے معاملہ پر ایم کیو ایم ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس ختم ہو گیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق اجلاس میں کراچی حیدرآباد پیکیج کے لیے سکیمز کے پی سی ون کو حتمی شکل دی گئی جبکہ شہر قائد کے لئے 20حیدرآباد کےلئے5ارب روپے وفاقی بجٹ میں مختص ہیں۔
اسی طرح ارکان اسمبلی نے سکیمز کا خاکہ متوقع لاگت کی تفصیلات سے آگاہ کیا ،ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما پیر کو اسلام آباد روانہ ہوں گے اورترقیاتی سکیمز کے حوالے سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
دوسری جانب مرکزی رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایم کیو ایم کی جانب سے جو بیان جاری ہوا ہے، بس وہی صورتحال ہے، آج ہم نے منتخب نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر تعمیر و ترقی کا لائحہ عمل طے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، آج جو بیان جاری ہوا ہے اس میں تمام سوالوں کے جوابات موجود ہیں، کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے جسے مل جل کر حل نہ کرلیا جائے۔
رہنما ایم کیوایم کا مزید کہنا تھاکہ سیاسی جماعت میں ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا جسے حل نہ کیا جا سکے، بہت باصلاحیت مرکزی کمیٹی ہے، جو کسی بھی طرح کے مسائل کو حل کر سکتی ہے۔