ویٹی کن سٹی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک شخص نے ویٹی کن میں واقع سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی مقدس قربان گاہ (الٹر) پر اچانک چھلانگ لگا دی اور تقریباً 30 ہزار یورو (تقریباً ساڑھے 86 لاکھ روپے سے زائد مالیت) کے چھ شمعدان گردیے ، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے قابو میں کر لیا۔
اطالوی خبر رساں اداروں اے جی آئی اور اے این ایس اے کے مطابق یہ شخص رومانیہ سے تعلق رکھتا ہے اور ویٹی کن کی سیکیورٹی فورس نے اسے فوری طور پر حراست میں لے کر ریاستی انسپکٹریٹ کے حوالے کر دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی موبائل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص مشہور بالڈاکن (چھتری نما مجسمہ) کے نیچے قربان گاہ پر کھڑا ہے۔ ویڈیو میں وہ شمعدان نیچے گراتے اور سفید کپڑا ہٹاتے ہوئے دکھائی دیتا ہے، جس کے فوراً بعد سیکیورٹی اہلکار حرکت میں آ جاتے ہیں۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ مقدس قربان گاہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے 12 حواریوں میں سے ایک سینٹ پیٹر کے مقبرے کے اوپر تعمیر کی گئی ہے، اور اس کے اوپر 95 فٹ بلند برونز کا بالڈاکن موجود ہے، جو مشہور اطالوی مجسمہ ساز جیان لورینزو برنینی کا تخلیق کردہ ہے۔ واقعے کے بعد ویٹی کن انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔