جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز پہلے ٹی ٹونٹی میں آج مدمقابل ہونگے

جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز پہلے ٹی ٹونٹی میں آج مدمقابل ہونگے

  



 کیپ ٹاؤن ( آن لائن ) جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پروٹیز نے کالی آندھی کو 2۔0 سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 11 جنوری کو جوہانسبرگ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 14 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز فاف ڈوپلیسی نے کہا ہے کہ فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کالی آندھی کو ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی شکست فاش سے دوچار کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں جنوبی افریقن کپتان نے کہا کہ کالی آندھی کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار فتح کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی حریف ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کیلئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ویسٹ انڈین ٹیم کی طاقت کا اندازہ ہے اسلئے ٹیسٹ سیریز میں فتح کے باوجود اسے ٹی ٹونٹی سیریز میں آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے اور سیریز میں کامیابی کیلئے ٹیم پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتاریں گے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے قائد اور ہارڈ ہٹنگ بلے باز ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست پر مایوسی ہوئی، ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں ویسٹ انڈین قائد نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ جنوبی افریقہ ہوم گراؤنڈ پر خطرناک حریف ہے۔ ہمارے کھلاڑی متحد ہو کر اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کریں تو نتیجہ ہمارے حق میں آ سکتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...