عابدعلی اور شہزاد خان نے قومی ٹینس رینکنگ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

عابدعلی اور شہزاد خان نے قومی ٹینس رینکنگ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی ...

اسلام آباد (اے پی پی) عابدعلی اور شہزاد خان پہلی کلثوم سیف اللہ خان قومی ٹینس رینکنگ چیمپئن شپ کے مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جمعرات کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے مینز سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل مقابلے میں عابد علی نے ٹاپ سیڈ محمد عابد کو شکست دیکر بڑا اپ سیٹ کردیا،عابد علی نے محمد عابد کے خلاف 6-2,6-3سے کامیابی حاصل کی ۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں سیڈ نمبر چار شہزاد خان نے دوسرے سیڈ کے کھلاڑی یاسر خان کو ایک کے مقابلے میں دوسیٹ سے شکست دی۔ شہزاد نے یاسر کیخلاف 6-4,3-6,6-3 سے فتح سمیٹی۔عابد علی اور شہزاد خان ٹورنامنٹ کے مین ایونٹ کے فائنل میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گے جو ہفتہ کو کھیلا جائے گا۔ مینز ڈبلز سیمی فائنلز مقابلوں میں یاسر خان اور شہزاد خان کی جوڑی نے شہزاد اور شاہد آفریدی کی جوڑی کو6-2,6-2 جبکہ عابد علی اور بابر علی نے وقاص ملک اور احمد چوہدری کی جوڑی کو 7-5,6-2 سے ہرایا۔

لیڈیز سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں سارہ منصور نے ماہین آفتاب کو 6-1,6-0 جبکہ سارہ محبوب نے علینہ آفتاب کو 5-7,6-1,6-3 سے ہرایا۔ بوائز انڈر18سیمی فائنل میچز میں محمد مزمل نے حارث عرفان الحق کیخلاف 7-6(2), 6-1 جبکہ محمد رضاسوانی نے طلحہ بن آصف کیخلاف 6-2,6-4 کیخلاف کامیابی حاصل کی ۔ بوائز انڈر14کوارٹر فائنل مقابلوں میں حذیفہ عبدالرحمن، نعمان آفتاب ،شعیب خان، ثاقب عمر نے فتوحات سمیٹیں۔ بوائز انڈر12کوارٹرفائنلز میں شعیب خان، سمعیع زیب، ریان سہیل اور عاقب عمر کامیاب ہوئے جبکہ سینئر ڈبلز کے سیمی فائنلز میں عرفان اللہ و عمرایاز اور حامد الحق اور راشد ملک کی جوڑیوں نے فتوحات حاصل کیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی