بی جے پی کے ساتھ گٹھ جوڑ والی حکومت کشمیر دشمن ہوگی: صلاح الدین

بی جے پی کے ساتھ گٹھ جوڑ والی حکومت کشمیر دشمن ہوگی: صلاح الدین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر(کے پی آئی)حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی نئی حکومت کشمیریوں کیلئے معاون و ممد ثابت نہیں ہوگی۔ سید صلاح الدین نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ سات لاکھ فوج کی موجودگی میں انتخابات بے معنی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے انتخابات کے دوران ہی نریندر مودی کے دورے پر بے مثال ہڑتال اور احتجاج کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد میں تن من دھن شامل ہیں ۔صلاح الدین نے کہا کہ ریاست کو ایک جیل خانے میں تبدیل کرکے ،آٹھ لاکھ فوجیوں کی موجودگی میں انتخابات کی نہ کوئی حیثیت تھی اور نہ ہے اور ان انتخابات کے نتیجے میں جوڑ توڑ کرکے آنے والی حکومت کی حیثیت بھی ایک(کٹھ پتلی) سرکار کے سوا کچھ نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاہے کہ یہ حکومت حسب سابق ریاست کے وسائل لوٹنے اور کشمیریوں کی عزت نفس کو مجروح کرنے کیلئے استعمال ہوگی۔صلاح الدین نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یہ سرکار کشمیریوں کیلئے معاون و ممد ثابت ہوگی تو وہ عملا احمقوں کی جنت میں رہتا ہے،کشمیری عوام کو ان سرکاروں سے نہ پہلے کوئی امید وابستہ تھی اور نہ اب ہے اوربقول سیدصلاح الدین جب کھلم کھلا کشمیر دشمن ،مسلم دشمن اور فرقہ پرست تنظیم بی جے پی کے ساتھ گٹھ جوڑ والی سرکار ہو تو اس کا بھیانک چہرہ تو سب کے سامنے ہی ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ سیلابی تباہی کے باوجود نہ مودی سرکار نے خود کشمیری عوام کی مدد کی اور نہ ہی عالمی برادری کو مدد و تعاون کرنے کی اجازت دی اور اس طرح مسلم دشمنی اور کشمیری دشمنی کا مکمل ثبوت فراہم کیا۔متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین نے کہا کہ تحریک آزادی ہر محاذ پر جاری ہے او رعسکریت پسندوں نے اپنے لہو سے اس تحریک کو سیراب کرکے کا میابی کی جانب رواں دواں ہیں،اور وقت اب زیادہ دور نہیں جب بھارت اور اس کے حاشیہ بردارنوشتہ دیوار پر لکھی تحریر کو پڑھنے پر مجبور ہوجائیں گی۔

مزید :

عالمی منظر -