اپناروزگارسکیم:راولپنڈی ڈویژن میں گاڑیوں کی الاٹمنٹ کردی گئی

اپناروزگارسکیم:راولپنڈی ڈویژن میں گاڑیوں کی الاٹمنٹ کردی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( خبرنگار)وزیر اعلی پنجاب کی اپنا روزگار سکیم کے تحت راولپنڈی ڈویثرن کے چاروں اضلاع اٹک ، جہلم ،چکوال اور راولپنڈی میں بے روز گار افراد کو آسان اقساط پر سوزوکی راوی اور بولان گاڑیوں کی قرعہ اندازی کی پر وقار تقریب میں خوش نصیب درخواست دہندگان کو باعزت روزگار کا ذریعہ فراہم کرنے کے لئے گاڑیوں کی الاٹمنٹ کر دی گئی ۔ ایوان صنعت و تجارت کے عہدیداروں ، میڈیا کے نمائندوں ، منتخب عوامی نمائندگان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں ، انتظامیہ کے افسران ، سول سوسائٹی کے نمائندوں کی موجودگی میں قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا افتتاح کیا ۔ اس کے بعد شرکاءتقریب نے اپنے ہاتھوں سے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر قرعہ اندازی کی۔قرعہ اندازی کو مکمل طور پر شفاف انداز میں منعقد کرنے کے لئے قرعہ اندازی کے کمپیوٹر نمبر بھی شرکاءسے حاصل کئے گئے۔ تقریب میں کمشنر راولپنڈی زاہد سعید، آرپی او راولپنڈی اختر حیات لالیکا،سول سوسائٹی کی نمائندہ نرجس زیدی ، پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص، ملک ابرار ایم این اے ، ملک شکیل اعوان ، چوہدری سرفراز افضل ، شوکت عزیز بھٹی ، سردار نسیم ، ڈاکٹر جمال ناصر ، شوکت جنجوعہ ، مرزا منصو ر بیگ ، سردار ممتاز خان ، حاجی پروےز خان، راجہ دفتر عباسی ،زیب النساءاعوان، ضیاءاللہ شاہ، حاجی عمر فاروق ، ملک غلام رضا،مقبول احمد خان، راجہ عتیق سرور، ملک افتخار ، ڈویثرن کے ڈی سی اوز، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں ، کارکنان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نوجوانوں کے خوشحال مستقبل کے لئے کوشاں ہے اور بے روزگار افراد کو سستی گاڑیوں کی فراہمی کی سکیم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل 2011میں شروع کی گئی یلو کیب سکیم بھی کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئی جس میں راولپنڈی ضلع سے سو فیصد ریکوری ہوئی اور لوگوں کو روز گار حاصل ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیم مکمل طور پر شفاف انداز میں تیار کی گئی اور گاڑیاں مارکیٹ سے چالیس ہزار روپے کم مارکیٹ پر قرعہ اندازی میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو آسان اقساط پر دی جائیں گی ۔ راجہ اشفاق سرور نے میٹرو بس پروجیکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹ کے سیکٹر میں ایسے پروگرام شروع کئے ہیں جس سے شہریوں کو اعلی معیار کی سفری سہولیات حاصل رہی ہیںاور راولپنڈی اسلام آباد میں بھی اس منصوبے کی جلد تکمیل کے بعد جڑواں شہروں اور نواہی علاقوں کے مکینوں کو جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے شفاف انداز میں کاروائی مکمل کرنے پر پنجاب بنک انتظامیہ کی کوششوں کو بھی سراہا ۔قبل ازیں ایک بریفنگ کے دوران کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے سکیم کے بارے میں ضروری تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پنجاب بنک کے نمائندہ اسامہ نذیر نے کمپیوٹر رائزڈ قرعہ اندازی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

مزید :

کامرس -