تاجر خواتین کا وفد ویمن چیمبر کی صدر کی قیادت میں بھارت کے دورے پر روانہ

تاجر خواتین کا وفد ویمن چیمبر کی صدر کی قیادت میں بھارت کے دورے پر روانہ

اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد کی تاجر خواتین کا بیس رکنی وفد اسلام آبادویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل کی قیادت میں پندرہ روزہ دورہ پر بھارت روانہ ہو گیا۔ دورے کے دوران کاروباری امکانات کا جائزہ لیا جائے گا اور مختلف تجارتی نمائشوں، تقریبات اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جائیگی۔ اسکے علاوہ کاروباری رکاوٹوں، ویزا معاملات اور پسندیدہ تجارتی ملک کی حیثیت کے معاملہ پر بھی بات چیت ہو گی۔ وفد نئی دہلی، اجمیر، آگرہ اور جے پور کا دورہ کرے گا اور بھارت کے وفاقی چیمبر، خواتین کے چیمبر اور دیگر تجارتی تنظیموں سے دو طرفہ تجارت بڑھانے پر مزاکرات بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔ ثمینہ فاضل نے روانگی سے قبل کہا کہ خواتین کو سماجی اور اقتصادی طور پربا اختیار بنانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔پاکستانی خواتین صلاحیتوں سے مالا مال ہیں مگر انکے لئے مواقع کم ہیں۔ خواتین کی مدد کرنا آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے جس کے لئے انکی استعداد بڑھانے ، انھیں ترقی کے مواقع فراہم کرنے اور انکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرینگے۔کاروباری برادری کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے کیونکہ تجارت امن کا سب سے موثر زریعہ ہے۔وفد میںوفاقی چیمبر کی سابق نائب صدر نائمہ انصاری، ویمن چیمبر کی سابق صدر عالیہ اکرم، رضوانہ آصف، عزرا سرفراز، نوشین ندیم خان، سبین عمران، انیلہ شیخ اور دیگر شامل ہیں۔

مزید : کامرس