حکومت نے عوام کو پتھر کے دور میں جانے پر مجبور کر دیا ہے ، میاں ایوب
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد ایوب نے کہا ہے کہ اپنے ابتدائی چھ ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کے دعوے کرکے حکومت میں آنیوالوں سے توانائی بحران بے قابوہوگیا ہے آئے روز ملک بھر کی بجلی کی بندش وطیرہ بن کر رہ گیا ہے حکمرانوں نے عوام کو پتھر کے دور میں واپس جانے پر مجبور کردیا ہے مسجد میں نمازیوں کو وضو کیلئے پانی میسر نہیں ہے اور گھروں میں خواتین کے پاس اپنے بچوں کیلئے کھانا بنانے کیلئے نہ گیس ہے نہ بجلی ہے اور نہ ہی پانی ہے پیرس بنانے کے دعوے دار بتائیں کہ الیکشن کے وقت انہوں نے عوام کو جو سہانے خواب دکھائے گئے تھے وہ خواب کہاں گئے ہیں ?انہوں نے کہا کہ حکمران یادرکھیں کہ اگر انہوں نے عوام کو ڈیلیور نہ کیا تو پھر آئندہ کیلئے حکومت میں آنے کے بارے میں بھول جائیں اور موجودہ حکومت کو اپنے لئے ایک آخری دور سمجھیں کیونکہ عوام کو ایسے حکمران منظور نہیں ہیں کہ جن کی وجہ سے ان کی مشکلات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔