ہیلتھ سیکٹر کی ترقی حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے ،مجتبیٰ شجاع الرحمن

ہیلتھ سیکٹر کی ترقی حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے ،مجتبیٰ شجاع الرحمن

  



لاہور ( خبرنگار) صوبائی وزیر قانون ،خزانہ وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو صحت کی میعاری وجدید سہولتیں فراہم کرنا صوبائی حکومت کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے اور موجودہ حکومت نے ہیلتھ سیکٹر کے بجٹ میں بتدریج اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاءعوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت وکلاءکی فلاح وبہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات معاونت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاءہسپتال کی تعمیر کے لئے وزیراعلی پنجاب کی جانب سے تین کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے اور آئندہ بھی گرانٹ فراہم کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیو سماج روڈ پر وکلاءہسپتال کے پہلے فیز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر لاہور بارایسوسی ایشن چوہدری محمد اشتیاق ، چوہدری سلیم لاڈی، قسیم اسلم ہنجر ا اور وکلاءکی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی- وزیر قانون نے فیتہ کاٹ کر اور تختی کی نقاب کشائی کر کے وکلاءہسپتال کے پہلے مرحلہ کا افتتاح کیا- مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے 2 ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں جبکہ کم وسیلہ افراد کو ادویات کی مفت فراہمی کے لئے 8 ارب 75 کروڑ روپے جبکہ گردہ کے غریب مریضوں کو ادویات اور ڈائلسز کی بلا معاوضہ فراہم کے لئے 60 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں - بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی ادارے 12 جنوری سے کھل جائیں گے اور تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لئے حفاظتی اقدامات تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں ۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن

مزید : صفحہ آخر