حکمرانوں نے بیرونی ڈکٹیشن پر ملک کی ڈائریکشن بد ل دی،عمر ڈار

حکمرانوں نے بیرونی ڈکٹیشن پر ملک کی ڈائریکشن بد ل دی،عمر ڈار

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمرڈار نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان پرآشوب دور سے گزررہا ہے، مادروطن کو ایک ساتھ دہشت گردی اور متعدد قومی بحرانوں کاسامنا ہے خالی دہشت گردی نہیں بلکہ دوسرے سنگین بحرانوں کے نتیجہ میں بھی عوام زندہ درگور ہو رہے ہیں۔عوام بنیادی ضروریات سمیت تعلیم اورصحت کی معیاری سہولیات جبکہ بروقت انصاف سے محروم ہیں حکمرانوں نے بیرونی ڈکٹیشن پرپاکستان کی ڈائریکشن تک تبدیل کر دی ہے انہیں زمینی حقائق کاادراک ہے اورنہ ان کی داخلی وخارجی ترجیحات درست ہیں وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے عمرڈار نے مزید کہا کہ مقروض ملک کا پیسہ وہاں صرف کیا جارہا ہے جہاں اس کی ضرورت نہیں جبکہ عوام بھوک اوربیماری کے سبب ایڑیاں رگڑرگڑکر مررہے ہیں ۔ پاکستان کی سفارتی تنہائی حکومت کی عاقبت نااندیشانہ فارن پالیسی کا شاخسانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ورکنگ باؤنڈری پرمسلسل اشتعال انگیزی حدسے تجاوزکرگئی ہے مگراس ضمن میں حکمرانوں کاری ایکشن دانشمندانہ ، جرأتمندانہ اورآبرومندانہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران کو اپنے مفادات کیلئے دوسروں کاکندھا استعمال کرنے کی عادت ہے۔حکمران بار بار اعلانات کے باوجودبیروزگاری اورمہنگائی کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے پاس ایک سے بڑھ ایک ڈگریاں اورخدادادصلاحیتیں ہیں مگرنااہل حکومت نے ان پرباعزت روزگارکادروازہ بندکیا ہواہے ۔حکومت کی کارکردگی سے مایوس اورمتنفرنوجوان تبدیلی کیلئے عمران خان کی قیادت پر سڑکوں پرآنے کیلئے بیقرار ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1