خالد مجید لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 3سال کیلئے مستقل ایم ڈی تعینات

خالد مجید لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 3سال کیلئے مستقل ایم ڈی تعینات

لاہور(جنرل رپورٹر)چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) خواجہ احمد حسان کی صدارت میں بورڈ آف ڈائریکٹر ز کا بتیسویں اجلاس کمپنی کے مرکزی دفتر میں ہوا جس میں بورڈ اراکین احمد رافع عالم، ڈاکٹر ناصر جاوید، احسن چغتائی،سہیل اختر شہزاد، افشاں کرن امتیاز، مسرت جبیں،ایم ڈی ایل ڈبلیوایم سی خالد مجید، چیف فنانشل آفیسر رانا عارف، کمپنی سیکریٹری مظفر اسلام سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں زیرِ بحث آنے والے نکات کی منظوری کے علاوہ منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی، ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ کارکردگی کی بنیاد پر اضافہ ، زیرِتعمیر لینڈ فل سائٹ کے لیے مشینری کی خریداری سمیت متعدد ایجنڈے منظوری کے لیے پیش کئے گئے۔ بورڈ نے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر خالد مجید کو ایل ڈبلیوایم سی کا تین سال کے لیے مستقل ایم ڈی بنانے ، ملازمین کی تنخواہوں میں کارکردگی کے مطابق اضافے اور زیرِتعمیر لینڈ فل سائٹ کے لیے دو عدد ٹریشن کمپیکٹرز کی خریداری کی منظوری دی۔ خالد مجید کو منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ( ایل ڈبلیو ایم سی)مقررکرنے کا نوٹیفیکیشن کمپنی چیئرمین خواجہ احمد حسان کی منظوری کے بعد کیا گیا جبکہ سلیکشن بورڈ کے دیگر اراکین میں ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ ڈاکٹر ناصر جاوید، معروف قانون دان و ماہرماحولیات احمد رافع عالم اور فنانشل ایڈوائزر ایل ڈبلیوایم سی احسن چغتائی اور کمپنی سیکریٹری مظفر اسلام شامل تھے۔ تفصیلات کے مطابق خالد مجید سابق ایم ڈی وسیم اجمل چوہدری کی پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں بطور سیکریٹری تقرری کے بعد سے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر کی ذمہ داری سرانجام دے رہے تھے۔ قبل ازیں خالد مجید بطور سینئر جنرل منیجر آپریشنز خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ قائم مقام ایم ڈی بننے کے بعدگزشتہ چھ ماہ میں انہوں نے مون سون، رمضان المبارک، عیدالفطر، انسدادِڈینگی مہم، ماہِ آزادی ، عید الاضحی ، محرم الحرام ، کرسمس اور عید میلاد النبی جیسے اہم مواقعوں پر انتظامی امور کو بہترین انداز میں سرانجام دیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1