فنڈز کی عدم دستیابی، ٹاؤن کونسلوں کی حفاظت پر نا تجربہ کار گارڈز تعینات

فنڈز کی عدم دستیابی، ٹاؤن کونسلوں کی حفاظت پر نا تجربہ کار گارڈز تعینات

لاہور(جاوید اقبال) شہر کے 9ٹاؤنوں کی انتظامیہ نے ٹاؤن کونسلوں کی سکیورٹی ناتجربہ کار اور غیر تربیت یافتہ گارڈز کے سپرد کر دی ہے جن کو سکیورٹی گارڈ کی وردیاں پہنا کر گیٹوں پر تعینات کیا گیا ہے یہ تمام کے تمام ٹاؤنوں میں پہلے سے تعینات ورک چارج ملازمین ہیں جو تمام شعبہ جات میں چپڑاسی ، گینگ مین، ریڈر کلرک نائب قاصد کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ان کو ان کی ڈیوٹیوں سے ہٹا کر نام نہاد سکیورٹی گارڈ کا درجہ دے کر گیٹوں پر کھڑا کر دیا گیا ہے بتایا گیا ہے کہ جن کوسکیورٹی کے معاملات سونپے گئے ہیں ان میں سے ایک بھی جعلی سکیورٹی گارڈ کو بندوق چلانا آتی ہے نہ گولی لوڈ کر سکتے ہیں میٹل ڈی ٹیکٹرزبھی چلانے کی مہارت نہیں رکھتے اس حوالے سے تمام ٹاؤنوں کی انتظامیہ نے اپنے اپنے ورک چارج ملازمین کو حکم دیا ہے کہ آج سے وہ سکیورٹی گارڈ کی یونیفارم پہن کر دفاتر میں حاضر ہونگے اور دن بھر سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔تفصیلات کے مطابق شہر کے 9ٹاؤنوں کی انتظامیہ نے اپنے ٹاؤنوں کے لئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے جس کے تحت ٹاؤنو ں کی سیکیورٹی تمام ورک چارج ملازمین کے سپرد کر دی ہے، جو آج سے تمام کام چھوڑ کر سکیورٹی گارڈز کی مخصوص یونیفارم پہن کر دفتر آئیں گے اور گیٹوں اور دفاتر کی سکیورٹی کے پہرے دار ہونگے اس حوالے سے ٹاؤنوں کا کہنا ہے کہ کم تنخواہوں پر سکیورٹی گارڈ میسر نہیں آ رہے نہ ضلعی حکومت نے سکیورٹی کے لئے اضافی فنڈز دیئے ہیں مجبوراً عارضی بنیادوں پر ورک چارج ملازمین کو گارڈز کی وردیاں پہنا کر سکیورٹی پر تعینات کیا گیا ہے اس حوالے سے ڈی سی او کیپٹن(ر) عثمان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کرائیں گے ورک چارج ملازمین کو سکیورٹی گارڈ نہیں لگایا جا سکتا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1