مولانا فضل الرحمان نے سانحہ پشاور کے شہداء کے خون سے غداری کی ،ایم کیو ایم
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کے خلاف اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضل الرحمان کی ذہنیت متعصب سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔جبکہ مولانا نے سانحہ پشاور کے شہداء کے چہلم سے قبل ہی ان کے خون سے غداری کر دی ہے۔اراکین رابطہ کمیٹی کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے زیر اثر علاقوں میں خواتین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا جاتا جبکہ ہمیں آج پتا لگ گیا ہے کہ سانحہ پشاور کرنے والے کون ہیں۔اراکین رابطہ کمیٹی قمر منصور اور فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کہ مولانا فضل الرحمان ملک کو آگ کی طرف دھکیل رہے ہیں جبکہ ان کی پریس کانفرنس کراچی کی عوام کے لیے زہر افشانی جبکہ طالبان کی وکالت سے بھی بھرپور تھی۔انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ مولانا اپنے بیرون ملک دورے اور فنڈز کی تفصیلات عوام کے سامنے لے کر آئیں اور یہ بھی بتائیں کہ پولیو ٹیم پر حملے کون کرتا ہے۔فضل الرحمان طالبان اور دہشت گردوں کے حامی ہیں جبکہ ان کے حواریوں نے ہمارے ملک کے نوجوانوں کو قتل کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ طالبان اور دہشت گردون کے حامیوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔اراکین رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان حکومت کے اتحادی ہیں اور انہوں نے مختلف حکومتوں سے مراعات بھی حاصل کی ہیں۔فضل الرحمان کو 21 ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے سے پہلے حکومت سے بات کرنی چاہیئے تھی۔